غزہ میں اسرائیلی مظالم عالمی یومِ جمہوریت منانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہیں، علامہ ساجد نقوی

14 ستمبر, 2026 16:11

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 15 ستمبر کو ‘عالمی یوم جمہوریت’ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں جمہوریت کا دن منایا جا رہا ہے، مگر اقوام متحدہ سمیت پوری عالمی برادری کے سامنے مشرق وسطیٰ میں غزہ کو بے دردی سے روندا جا رہا ہے اور مغربی کنارے سمیت جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے مجرمانہ چشم پوشی کی جا رہی ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے یومِ جمہوریت کے عالمی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2008ء سے شروع ہونے والے اس دن کا مقصد جمہوری نظام کا فروغ تھا، لیکن عملی طور پر مشاہدہ یہی ہے کہ عالمی طاقتوں نے اپنے مفادات کے حصول کے لیے جمہوریت کے بجائے ہمیشہ آمریتوں کی پشت پناہی کی ہے۔ رائج جمہوری نظاموں میں آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری، پارلیمنٹ کی اولیت اور عوام کی رائے کا احترام مفقود دکھائی دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلمانوں کے درمیان اختلافات اور تفرقے سے صرف دشمن فائدہ اٹھاتے ہیں، شیخ ابراہیم زکزاکی

انہوں نے واضح کیا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں خوف و ہراس کا ماحول، عوام کے بنیادی حقوق کی پامالی اور آزادی اظہار پر پابندیاں کسی طور پر جمہوری رویہ نہیں ہیں۔ اسرائیل کے سفاکانہ رویے کو نام نہاد جمہوری علمبرداروں کے منہ پر زوردار طمانچہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے عالمی طاقتوں کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حقیقی مفہوم عوام کی خدمت اور ان کی رائے کا احترام ہے۔ جمہوری نظام میں تمام طبقات کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے اور اسلام بھی ہمیں باہمی مشاورت اور رائے کی بنیاد پر ایک منصفانہ نظمِ حکومت قائم کرنے کا درس دیتا ہے۔

5:10 شام ستمبر 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔