پاکستان کو یمن کی جنگ میں دھکیلنے کی تشویشناک کوششیں کی جا رہی ہیں، علامہ سید جواد نقوی

13 ستمبر, 2026 11:07

شیعیت نیوز : تحریک بیداریِ امتِ مصطفیٰ ﷺ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین سے شروع ہونے والا ظلم و جارحیت کا سلسلہ ایران تک پہنچا، مگر اللہ تعالیٰ نے ظالموں کی تمام سازشوں اور تدبیروں کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ یمن کی جنگ میں سامراجی طاقتوں کی ناکامی کے بعد اب ایک بار پھر پاکستان کو اس تنازع میں دھکیلنے کی تشویشناک کوششیں کی جا رہی ہیں، جن سے ریاستی اداروں اور حکومت کو انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔

ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مسلسل رسوائی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ٹرمپ اور اس کے ساتھیوں کے بیانات میں مایوسی نمایاں ہے اور حزب اللہ، حماس اور فلسطین کے حوالے سے ان کے تمام دعوے زمینی حقائق کے یکسر برعکس ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر یمن کی مزاحمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی صورتحال نے پورے خطے کے حالات بدل دیئے ہیں۔ جس جنگ کو آسان سمجھا جا رہا تھا، اس میں دشمنوں کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں اور اپنی حماقتوں کے باعث انہوں نے باب المندب جیسی اہم گزرگاہ بھی بند کروا لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام مبلغین کے لیے اہم علمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

پاکستان کے کردار اور داخلی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پارلیمان نے دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو یمن جنگ کا حصہ بننے سے روکا تھا، مگر آج پھر بعض حلقوں میں یمن میں کارروائی کے لیے جوش دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سرکاری فورسز اور بالخصوص غیر ریاستی عناصر کو کسی دوسرے ملک کی جنگ میں ہرگز استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں افغان جنگ کے لیے تیار کیے گئے عناصر آج خود پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں؛ لہٰذا شام یا یمن کے لیے ایسی قوتیں تیار کرنا مستقبل میں تباہ کن نتائج کا باعث بنے گا۔

علامہ سید جواد نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ آج جو لوگ ٹرمپ اور اس کی پالیسیوں سے کامیابی کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں، انہیں حقائق کا ادراک کر لینا چاہیے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جس کی دم ٹرمپ کے ساتھ بندھی ہے، وہ اسے جلدی کھول لے، کیونکہ یہ فرعون ڈوبنے والا ہے اور اس کے آثار پوری دنیا کو نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان صرف اپنی قومی سلامتی، معیشت اور مفادات کو مقدم رکھے اور کسی بھی بیرونی جنگ کا ایندھن بننے سے مکمل گریز کرے۔

12:10 شام ستمبر 13, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔