مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام مبلغین کے لیے اہم علمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
مجلس علماء امامیہ
شیعیت نیوز : مجلس علماء امامیہ پاکستان کے زیر اہتمام مبلغین امامیہ کی علمی، دینی اور تبلیغی استعداد میں اضافے کے لیے ایک اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد اور شورکوٹ سے تعلق رکھنے والے ائمہ جمعہ و جماعت اور مبلغین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران ’’سیرتِ صادقین، مبلغین کے لیے عملی نمونہ‘‘، تجوید، فقہِ عملی (خصوصاً خمس) اور حالاتِ حاضرہ سمیت مختلف اہم علمی، دینی اور تربیتی موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں دینی تبلیغ کے جدید تقاضوں، مبلغین کی علمی استعداد میں اضافے، عصر حاضر کے حالات سے آگاہی اور عملی تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں : باب المندب تک انصاراللہ کی تاریخی پیش قدمی: یمن کی جنگ نئے اسٹریٹجک مرحلے میں داخل
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی فکری اور روحانی رہنمائی کے لیے مؤثر تبلیغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے مبلغین کو اپنی تمام تر علمی و عملی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔
اس موقع پر حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید جاوید شیرازی، حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر محمد علی شریفی، حجت الاسلام مولانا ضیغم عباس اور دیگر جید علمائے کرام نے مختلف موضوعات پر اپنے عالمانہ اور تربیتی خطابات پیش کیے۔ شرکاء نے اس علمی و فکری نشست کو مبلغین کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک انتہائی مفید اور قابل تحسین کاوش قرار دیا۔







