ڈپٹی کمشنر سکردو کا دارالشفاء حضرت عباس علمدار کا دورہ، جدید لیبارٹری کا افتتاح
شیعیت نیوز : ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے دارالشفاء حضرت عباس علمدار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں قائم جدید لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈائریکٹر زوار محمد علی اور ایچ آر ہیڈ آصف علی کی جانب سے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ دارالشفاء میں شہریوں کو معیاری اور کم خرچ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ہسپتال میں صرف 100 روپے کی پرچی پر مریضوں کا چیک اپ کیا جاتا ہے جبکہ دستیاب ادویات بھی مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ مزید برآں، نئی اور جدید لیبارٹری کے ذریعے تمام ٹیسٹ دیگر نجی لیبارٹریوں کے مقابلے میں 50 فیصد کم نرخوں پر کیے جا رہے ہیں تاکہ سو فیصد درستگی کے ساتھ معیاری تشخیصی سہولیات عوام کی پہنچ میں ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : روسی سفیر کی چیئرمین ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے اہم ملاقات
ڈپٹی کمشنر حمزہ مراد نے ہسپتال کی شاندار سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور عوام کو ان کی استطاعت کے مطابق علاج فراہم کرنا عظیم سماجی خدمت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دارالشفاء حضرت عباس علمدار کی جانب سے کم خرچ علاج اور جدید تشخیصی سہولیات کی فراہمی کا یہ فلاحی سلسلہ مستقبل میں بھی یونہی جاری رہے گا جس سے سکردو کے شہریوں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔







