تقویٰ، صبر اور توبہ انسان کو روحانی بلندی عطا کرتے ہیں، علامہ شبیر حسن میثمی

11 ستمبر, 2026 19:28

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مسجد و امام بارگاہ بقیۃ اللہ، ڈیفنس کراچی میں نماز جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیات کی روشنی میں تقویٰ، شکرگزاری، توبہ اور صبر کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی نعمتیں اس قدر بے شمار ہیں کہ انسان انہیں شمار نہیں کرسکتا، مگر اس کے باوجود انسان میں کفرانِ نعمت اور ناشکری کا رجحان پایا جاتا ہے۔

علامہ شبیر میثمی نے گناہوں اور توبہ کے حوالے سے واضح کیا کہ اللہ غفور و رحیم ہے اور اپنے بندوں کو رحمت سے مایوس نہیں ہونے دیتا۔ گناہ کا بنیادی نقصان خود انسان، اس کے خاندان اور معاشرے کو ہوتا ہے۔ انہوں نے آزمائشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خوف، بھوک اور مال و جان کی کمی امتحان کا حصہ ہیں اور محض ایمان کا دعویٰ انسان کو آزمائش سے مستثنیٰ نہیں کرتا۔ ان کے مطابق اہل بیت علیہم السلام کی محبت اللہ کی عظیم نعمت ہے جس کے ذریعے انسان کو اپنا روحانی سفر طے کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : قرآن مجید اور سیرت اہل بیتؑ سے دوری معاشرے میں تربیت کے فقدان کی اصل وجہ ہے، آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی

خطبہ ثانی میں علامہ شبیر میثمی نے 11 ستمبر کو قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ملک کی حفاظت و بہتری کو اجتماعی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے علاقے گنگنی میں فوجی سرگرمیوں سے متاثرہ افراد کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو ان کی آبائی زمینوں پر واپس آباد کیا جائے، اور ساتھ ہی سیلاب متاثرین کی بحالی و دلجوئی کے لیے مخیر حضرات سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

عالمی منظر نامے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یمن اور سعودی عرب کے درمیان تنازع میں مسلم ممالک کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستانی حکمرانوں کو محتاط کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ علامہ میثمی نے ایران اور امریکہ کی کشیدگی، ایران کی مزاحمت اور نمایاں سائنسی ترقی پر گفتگو کرتے ہوئے مؤمنین کو ہدایت کی کہ موجودہ حالات میں متوازن طرزِ فکر اپنائیں اور سوشل میڈیا کی ہر خبر پر جذباتی ہونے کے بجائے تحقیق اور تحمل سے کام لیں۔

7:43 شام ستمبر 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔