خاتم النبیین کمپلیکس کا مسئلہ افہام و تفہیم سے حل کیا جائے، علامہ سید ساجد علی نقوی

11 ستمبر, 2026 09:40

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے افغانستان میں خاتم النبیین کمپلیکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کمپلیکس اور اس سے منسلک تمدن ٹی وی کا بنیادی مقصد علم و ثقافت کا فروغ، دینی اقدار کی ترویج، اور عوام کو اتحاد کی لڑی میں پرونا ہے۔ یہ ادارے ہمیشہ اسی عظیم مقصد کے تحت اپنی علمی و ثقافتی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ صورتحال میں افہام و تفہیم کے ذریعے اس مسئلے کا پرامن حل نکالا جا سکتا ہے جبکہ سوءِ تدبیر اور طاقت کے استعمال سے یہ معاملہ مزید پیچیدہ اور گھمبیر ہو جائے گا۔ علامہ ساجد نقوی نے اس موقع پر خاتم النبیین کمپلیکس کے تمام ذمہ داران، اساتذہ، علمی شخصیات اور متاثرہ افراد کے ساتھ گہری ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : کابل میں خاتم النبیین کمپلیکس پر قبضہ اور علماء کی گرفتاری تعلیم و دین دشمنی ہے، علامہ عارف واحدی

علامہ سید ساجد علی نقوی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی تعلیمی اور انسانی حقوق کے اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ 9 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جانب سے ’’تعلیم کو حملوں سے بچاؤ‘‘ کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد معاشروں میں تعلیم اور خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایسے مواقع پر محض ایام منانے کے بجائے علمی و ثقافتی مراکز کے تحفظ کے لیے ٹھوس عملی اقدامات بھی کیے جانے چاہئیں۔ عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ ان مراکز کے تحفظ اور ان سے وابستہ اساتذہ، علمی شخصیات اور کارکنوں کے حقوق کے دفاع کے لیے اپنا مؤثر اور عملی کردار ادا کریں۔

9:59 صبح ستمبر 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔