کابل میں خاتم النبیین کمپلیکس پر قبضہ اور علماء کی گرفتاری تعلیم و دین دشمنی ہے، علامہ عارف واحدی
علامہ عارف حسین واحدی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے افغانستان میں خاتم النبیین علمی کمپلیکس پر قبضے اور اساتذہ و طلبہ کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تعلیم، تحقیق اور میڈیا کی آزادی پر ناروا حملہ قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خاتم النبیین کمپلیکس ایک اہم دینی و تعلیمی مرکز ہے جہاں حوزہ علمیہ، یونیورسٹی اور تمدن چینل سمیت مختلف ادارے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ علامہ عارف واحدی نے واضح کیا کہ تعلیمی مراکز کو تعصب یا امتیازی پالیسیوں کی بنیاد پر محدود کرنا اور علماء کو حراست میں لینا بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔ ان کے مطابق دینی و علمی مراکز کو نشانہ بنانا علم اور دین دونوں کے خلاف متعصبانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جامعہ المصطفیٰ کے وفد کا حوزہ علمیہ جامعہ الزہراء سکردو کا اہم دورہ
علامہ عارف حسین واحدی نے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس تشویشناک صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور گرفتار علماء، اساتذہ اور طلبہ کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ افغانستان میں لسانی، قومی اور مسلکی تعصبات کو ہوا دینے والی پالیسیوں کے خطے کے امن و استحکام پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے، لہٰذا افغان عوام کو تعلیم، صحافت اور مذہبی سرگرمیوں کی مکمل آزادی فراہم کرتے ہوئے کمپلیکس کی سرگرمیاں فوری بحال کی جائیں۔







