جامعہ المصطفیٰ کے وفد کا حوزہ علمیہ جامعہ الزہراء سکردو کا اہم دورہ
جامعہ المصطفیٰ
شیعیت نیوز : جامعہ المصطفیٰ شعبۂ پاکستان کے نمائندوں حجت الاسلام لیاقت اور مولانا عدنان نے حوزہ علمیہ جامعہ الزہراء سکردو کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر مدرسے کی پرنسپل ڈاکٹر معصومہ جعفری، شعبۂ تعلیم کی انچارج خواہر صغریٰ بانو اور شعبۂ تحقیق کی انچارج محترمہ شازیہ حیات کے ساتھ ایک مفید نشست منعقد ہوئی جس میں کتب، تعلیمی نشستوں اور دیگر اہم ضروریات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر معصومہ جعفری نے وفد کو مدرسے کی مختلف فعالیت اور جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ طالبات نے حالیہ شارٹ کورسز سے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور ان کے نہایت مثبت و نتیجہ خیز اثرات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے طالبات کی علمی و تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے آئندہ بھی ضرورت کے مطابق مفید شارٹ کورسز کے انعقاد میں باہمی تعاون کی ضرورت پر خصوصی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : کابل میں خاتم النبیین کمپلیکس پر کارروائی اور گرفتاریوں پر جے ایس او پاکستان کی شدید تشویش
اس موقع پر جامعہ المصطفیٰ کے وفد نے کلاس رومز اور لائبریری کا دورہ کر کے تعلیمی فضا اور موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ وفد کی جانب سے کلاسز اور دیگر پروگراموں کے لیے جامعہ الزہراء کو ایک پروجیکٹر بھی فراہم کیا گیا، جبکہ کلاس رومز کے لیے میزوں اور الماریوں کی تیاری میں تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ یہ امید افزا ملاقات مدرسے کی تعلیمی ترقی، طالبات کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی اور جامعہ المصطفیٰ کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل رہی۔







