آبنائے ہرمز کے محفوظ راستوں پر عمان سے مذاکرات حتمی مرحلے میں ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
بقائی
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری راستوں کے تعین کے لیے سنجیدہ مذاکرات حتمی مرحلے تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض تیسرے فریقوں کی مداخلت کے باوجود ہونے والی اس مفاہمت کو جلد بین الاقوامی بحری تنظیم میں باقاعدہ درج کرایا جائے گا۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے نئے مذاکرات کے مطالبے کے حوالے سے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ اور کشیدگی امریکی اقدامات کا براہِ راست نتیجہ ہے۔ اسماعیل بقائی نے کہا کہ خطے میں حقیقی سلامتی کے لیے امریکہ کو اپنی تمام جارحانہ کارروائیاں، اقتصادی پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے قطری، عمانی اور پاکستانی وفود کی تہران آمد کی تصدیق کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
مزید پڑھیں : ایران نے جنگ کا توازن تبدیل کر دیا ہے، جنرل حیدری
سیریک میں شادی کی تقریب اور دیگر شہری آبادیوں پر امریکی حملوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے امریکی حکام کے دعوؤں کو جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ امریکہ دراصل صیہونی حکومت کا طرزِ عمل اپنا رہا ہے۔ پیرو کی جانب سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے بیان پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایسا کوئی سفارتی تعلق سرے سے موجود ہی نہیں تھا جسے ختم کیا جا سکے۔
آخر میں اسرائیلی وزیر اعظم کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایرانی ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت اپنی بقا محض مسلسل جنگ اور کشیدگی کے پھیلاؤ میں دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اب بیدار ہو چکی ہے اور دنیا کا متفقہ مطالبہ ہے کہ خطے میں جاری اسرائیلی نسل کشی اور دہشت گردانہ کارروائیوں کو فوری طور پر روکا جائے۔







