ہتھیار ڈالنا ہماری لغت میں نہیں، تمام دباؤ کے باوجود مزاحمت جاری رہے گی، حزب اللہ رہنما
حسین الحاج حسن
شیعیت نیوز : لبنان کی پارلیمان میں اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے پارلیمانی بلاک کے رکن حسین الحاج حسن نے واضح کیا ہے کہ حزب اللہ کے لیے ہتھیار ڈالنے کا کوئی آپشن موجود نہیں، اور وہ تمام تر سیاسی، فوجی اور بین الاقوامی دباؤ کے باوجود مزاحمت اور استقامت کے راستے پر مضبوطی سے گامزن رہے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ سر تسلیم خم کرنا ہماری لغت میں شامل ہی نہیں ہے، اور ہم دشمن کے تمام ناپاک منصوبوں کے مقابلے میں مزاحمت جاری رکھنے اور ثابت قدم رہنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل 2048 سے قبل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا، معروف صہیونی مصنف کا عبرانی اخبار میں چشم کشا اعتراف
حسین الحاج حسن نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ حزب اللہ کے اسٹریٹجک اتحاد پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایران کے ساتھ اپنے رشتے اور اس عظیم ملک کی طاقت پر بھرپور اعتماد اور فخر ہے۔ ایران مزاحمت کی ہر سطح پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
حزب اللہ کے پارلیمانی نمائندے نے مزید کہا کہ مزاحمت کی قربانیوں اور دلیری نے حزب اللہ کو ختم کرنے کی تمام دشمن سازشوں کو خاک میں ملا دیا ہے۔ ان کے بقول، لبنانی حکومت کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں کی عدم ادائیگی کے بعد حزب اللہ نے خطے کے دفاع کے لیے جنگ میں حصہ لیا اور وہ تمام چیلنجز کے باوجود آج بھی پہلے کی طرح مکمل طاقتور اور فعال ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حزب اللہ کی طاقت اور اثر و رسوخ کا واضح ثبوت یہ ہے کہ امریکہ، غاصب اسرائیل اور تمام بین الاقوامی ادارے لبنان کے معاملے پر مسلسل اپنی توجہ مرکوز رکھنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں دوٹوک پیغام دیا کہ تمام تر عالمی دباؤ کے باوجود حزب اللہ اپنے اصولی موقف اور مزاحمت کے راستے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔







