اردن میں 2 امریکی فضائی اڈوں پر پاسداران انقلاب کا میزائل و ڈرون حملہ، اہم تنصیبات تباہ
سپاہ پاسداران
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ فضائی و خلائی فورس نے اردن میں موجود دو امریکی فضائی اڈوں، ملک حسین اور الازرق کو مشترکہ میزائل اور ڈرون کارروائی میں نشانہ بنایا ہے۔ پاسداران کے دوسرے بیان کے مطابق، ایرانی عوام کی 183 شبانہ روز مزاحمت نے دشمن کو حیرت و اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے جو مستضعفین کے لیے امید اور مجاہدین کے لیے تقویت کا باعث ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سپاہ پاسداران کی فضائی و خلائی فورس کے بہادر اہلکاروں نے جزیرہ لارک پر امریکی و صہیونی دشمن کی فضائی جارحیت کے بھرپور جواب میں یہ کارروائی کی ہے۔ «یا محمد ابن عبداللہ ﷺ» کے کوڈ نام سے کی گئی اس مشترکہ کارروائی میں اردن میں واقع دونوں امریکی فضائی اڈوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اردن میں امریکی اہداف پر پاسداران انقلاب کا میزائل حملہ، اردنی فوج اور مغربی میڈیا کی تصدیق
سپاہ پاسداران کے مطابق اس میزائل اور ڈرون حملے میں امریکی اڈوں کی فنی و مرمتی تنصیبات کے ساتھ ساتھ جنگی طیاروں کے قیام کے مقامات کو خاص طور پر ہدف بنایا گیا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں دشمن کی تنصیبات تباہ ہوئیں اور اسے بھاری نقصان پہنچا ہے۔
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ جارحیت اور جرائم کے ذریعے آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کو کمزور کرنے کی دشمن کی کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔ بیان میں مزید تنبیہ کی گئی ہے کہ دشمن کی جانب سے کی جانے والی ہر فائرنگ کا جواب اس سے کہیں زیادہ شدید اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے دیا جائے گا۔







