ایران جنگ نہیں چاہتا، لیکن کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیں گے، ایرانی صدر

31 اگست, 2026 09:00

شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں ہے، تاہم ملک کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں خاموش نہیں بیٹھے گا اور جارحیت کرنے والوں کو طاقت اور عزم کے ساتھ بھرپور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کرغیزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 26ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی کے موقع پر کیا۔

صدر پزشکیان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب بعض بین الاقوامی ادارے دنیا میں یک صدائی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ اجلاس عالمی سطح پر مختلف اور آزاد آوازوں کی موجودگی کی علامت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اجلاس میں تعمیری مذاکرات کے ذریعے یہ ثابت کیا جا سکے گا کہ خطے کے سربراہان اپنے مسائل خود بہتر انداز میں حل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : وحدتِ اسلامی کے فروغ میں مسلم خواتین کا کردار فیصلہ کن ہے، ڈاکٹر تسنیم زہراء موسوی

ایرانی صدر نے خطے کے تاریخی اور تہذیبی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن، سلامتی، معیشت اور تہذیب اسی خطے سے پروان چڑھی ہے جس کی مشترکہ تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے کے ممالک کا امن، ترقی اور استحکام ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور یہ ممالک ہمیشہ سے بقائے باہمی اور ترقی کے عمل میں شریک رہے ہیں، جسے آج کی دنیا میں بھی آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور بدامنی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور اس کے نتیجے میں سب کو مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، لہٰذا سب مل کر خوشحالی کے لیے کوشش کریں۔ صدر مسعود پزشکیان نے اجلاس سے مثبت نتائج کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر ممالک کے سربراہان کی شرکت اور دو طرفہ ملاقاتیں خطے کی سلامتی اور اقتصادی تعاون میں بہتری لائیں گی۔

10:35 صبح اگست 31, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔