جامعۃ الکوثر میں سید احمد اشکوری کے اعزاز میں عظیم الشان علمی نشست، عصر حاضر کے چیلنجز پر گفتگو

29 اگست, 2026 14:21

شیعیت نیوز : جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں نجف اشرف سے تشریف لائے ممتاز عالمِ دین، استادِ درسِ خارج اور تبلیغی امور کے ذمہ دار حضرت حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد اشکوری کے اعزاز میں ایک پروقار علمی و فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم اور بابرکت نشست میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی، علامہ عارف حسین واحدی سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام نے خصوصی شرکت کی۔

اس پرنور محفل سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام سید احمد اشکوری نے مکتبِ تشیع کی علمی اور دعوتی خصوصیات پر انتہائی جامع اور بصیرت افروز گفتگو کی۔ انہوں نے بانی جامعۃ الکوثر اور مفسرِ قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی (رحمۃ اللہ علیہ) کی عظیم علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے کام کو حوزہ علمیہ اور معاشرے کے لیے ایک انمول سرمایہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : دشمن مسلط کردہ جنگوں میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہا، میجر جنرل امیر حاتمی

اپنے خطاب میں انہوں نے عصرِ حاضر کے تقاضوں اور چیلنجز کے تناظر میں علمائے کرام کی بھاری ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید دور کے فکری خطرات کا مقابلہ صرف علمی بصیرت، اخلاقی کردار اور قرآن و اہلِ بیت (ع) کی روشن تعلیمات سے مضبوط وابستگی کے ذریعے ہی ممکن ہے، لہٰذا علمائے کرام نوجوان نسل کی دینی تربیت کے لیے اپنا مؤثر عملی کردار ادا کریں۔

نشست کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شرکاء سے مختصر مگر جامع خطاب کیا اور دینِ مبین کی ترویج کے لیے ایسی علمی نشستوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ تقریب کے آخر میں انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، سربلندی اور ملتِ تشیع کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

3:23 شام اگست 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔