کراچی: خانۂ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام حافظ شیرازی کی یاد میں شاندار تقریب، شعراء و دانشوروں کی شرکت
شیعیت نیوز : خانۂ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی کے زیرِ اہتمام عظیم فارسی شاعر اور غزل گو خواجہ شمس الدین محمد حافظ شیرازی کی یاد میں ایک پروقار ادبی و ثقافتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ممتاز شعراء، ادبا، دانشوروں اور علمی و ثقافتی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں حافظ شیرازی کی لازوال ادبی و عرفانی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ایران و پاکستان کے دیرینہ ادبی و ثقافتی روابط کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز پاکستانی شاعر و نقاد پروفیسر سحر انصاری نے کہا کہ حافظ شیرازی صرف ایران یا فارسی زبان کا سرمایہ نہیں، بلکہ عالمی ادب و ثقافت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ان کی شاعری میں امید، عشق، معرفت اور انسانی تجربات کی ایسی آفاقی ترجمانی ملتی ہے جو مختلف زبانوں کے قارئین کو متاثر کرتی ہے۔ ڈھاکا میں خانۂ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل مہدی مولائی نے ’’آج کی ڈیجیٹل دنیا میں زندگی کے لیے حافظ سے حاصل ہونے والے اسباق‘‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حافظ کی فکر آج بھی بامعنی اور ذمہ دارانہ ابلاغ کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کی رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے 7 گھنٹے طویل ملاقات
خانۂ فرہنگ کراچی کے نگران قاسم مرادی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اور کراچی میں ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حافظ شیرازی ایران کی تہذیبی شناخت اور ثقافتی استقامت کی علامت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حافظ کی شاعری اور فارسی زبان ایران و پاکستان کے درمیان تاریخی، ادبی اور ثقافتی قربت کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تقریب کے دوران ایران کے ادبی و ثقافتی ورثے اور حافظ شیرازی کے بارے میں شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے خیالات پر مبنی تصویری مواد بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فارسی اور اردو زبانوں میں عشقیہ اور عرفانی شاعری پیش کی گئی۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر جواد ہاشمی اور سچل شیرازی نے انجام دی، جبکہ شرکاء میں ڈاکٹر فاطمہ حسن، جاوید صبا، نینا عادل اور دیگر نامور ادبی شخصیات شامل تھیں۔ یہ تقریب پاک ایران تہذیبی روابط کو فروغ دینے کی ایک شاندار کاوش ثابت ہوئی۔







