پمز سانحہ کے ذمہ داران فوری استعفیٰ دیں، علامہ شبیر حسن میثمی کا مطالبہ
علامہ شبیر حسن میثمی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پمز ہسپتال کے اندوہناک سانحے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے 15 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے کو قوم کے لیے کربناک اور ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ اس سنگین سانحے کے بعد بھی کوئی حکومتی ذمہ دار جوابدہ ہونے کو تیار نہیں۔
انہوں نے عالمی سطح پر طبی عملے کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ڈاکٹرز جنگوں میں بھی جان پر کھیل کر مریض بچاتے ہیں، لیکن ہمارے ہسپتالوں میں بنیادی حفاظتی انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی کوئی سنجیدہ تربیت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پمز جیسے بڑے ہسپتال میں عملے اور آلات کا فقدان عوام کی زندگیوں سے صریحاً کھلواڑ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قصر زینبؑ پر میلاد جلوس کا شاندار استقبال، شیعہ سنی اتحاد کی عظیم مثال
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین اور مجرمانہ انتظامی ناکامی پر متعلقہ اعلیٰ حکومتی ذمہ داران فوری طور پر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے پمز سانحے کی شفاف، جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے متنبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے دلخراش سانحات سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی پروٹوکول، فائر سیفٹی، جدید طبی آلات اور ہنگامی انخلا کے نظام کا فوری طور پر جامع آڈٹ کیا جائے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔







