قصر زینبؑ پر میلاد جلوس کا شاندار استقبال، شیعہ سنی اتحاد کی عظیم مثال
شیعیت نیوز : بھکر میں 12 ربیع الاول عید میلاد النبی (ص) کے پرمسرت موقع پر شیعہ سنی اخوت و محبت کی ایک عظیم الشان تاریخ رقم کی گئی۔ اہل سنت برادران کے مرکزی جلوس کے قصر زینب (س) کے سامنے سے گزرنے پر اہل تشیع کی جانب سے ایک شاندار استقبالیہ کیمپ قائم کیا گیا۔
اس بابرکت موقع پر اہل تشیع علمائے کرام، ملی شخصیات اور عمائدین نے جلوس کے شرکاء کا انتہائی پُرتپاک استقبال کیا۔ اہل سنت علماء اور شرکاء پر محبت کے پھول نچھاور کیے گئے، انہیں ہار پہنائے گئے اور عاشقانِ رسول (ص) کے لیے قصر زینب (س) کے باہر ‘لنگرِ مصطفوی (ص)’ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پمز ہسپتال میں آتشزدگی دلخراش سانحہ، غفلت کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، علامہ ساجد نقوی
استقبالیہ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے اہل تشیع مقررین نے واضح کیا کہ ہمیں جلوس کے ہماری عبادت گاہ کے سامنے سے گزرنے پر کوئی اعتراض نہیں، بلکہ یہ ہمارے لیے باعثِ سعادت ہے۔ انہوں نے اہل سنت برادران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے بھائی اور ہماری جان ہیں، ہم نے محض تماشائی بننے کے بجائے دلی خوشی سے آپ کی خدمت کی ہے۔
تقریب کے اختتام پر علمائے کرام نے شرکائے جلوس کو گلے لگا کر رخصت کیا اور ملک بھر میں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ جس طرح قیامِ پاکستان میں تمام مکاتبِ فکر نے مل کر جدوجہد کی، اسی طرح آج ملکی تعمیر و ترقی کے لیے بھی باہمی اتحاد ناگزیر ہے؛ اسلام زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔







