پمز ہسپتال میں آتشزدگی دلخراش سانحہ، غفلت کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 26 اگست 2026 کو پمز ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں معصوم بچوں کے جاں بحق اور جھلسنے کے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک انتہائی دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پمز جیسے ملک کے سب سے بڑے اور اہم سرکاری ہسپتال میں اس نوعیت کا المناک واقعہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ علاج مریض، خصوصاً نازک حالت والے بچے طبی عملے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں، اور ایسے اداروں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر حفاظتی نظام کا ہونا انتہائی ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کرم میں تکفیری عناصر کی شر انگیزی، سیرت مصطفیٰؐ کے نام پر ‘شیعہ کافر’ کے نعرے
قائد ملت جعفریہ نے متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس اندوہناک سانحے کی فوری، اعلیٰ سطحی، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ واقعے کے اصل اسباب عوام کے سامنے لائے جائیں، اور اگر کسی بھی قسم کی انتظامی غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داران کا تعین کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے ملک بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں، بالخصوص ایمرجنسی اور بچوں کے وارڈز میں فائر سیفٹی اور ہنگامی انخلا کے نظام کا فوری جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔







