شیعہ علماء کونسل کا استقبالیہ کیمپ، عید میلاد النبی (ص) پر شیعہ سنی اتحاد کا شاندار مظاہرہ
شیعیت نیوز : رہبرِ امت کے پیغامِ وحدت پر لبیک کہتے ہوئے شیعہ علماء کونسل (ایس یو سی) تحصیل ٹیکسلا کے زیرِ اہتمام عید میلاد النبی (ص) کے بابرکت موقع پر ایک شاندار استقبالیہ کیمپ لگایا گیا۔ تحصیل صدر سردار سید چراغ علی نقوی کی میزبانی میں لگائے گئے اس کیمپ میں شیعہ سنی عاشقانِ رسول (ص) نے بھرپور شرکت کر کے اتحادِ امت کا عظیم عملی نمونہ پیش کیا۔
اس پروقار تقریب میں ایس یو سی پاکستان کے مرکزی رہنما سید اظہار بخاری اور صوبائی رہنما مولانا سید جعفر نقوی سمیت مختلف شیعہ سنی تنظیموں کے عہدیداران نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے علاوہ علمائے کرام، میلاد کمیٹیوں کے اراکین، نعت خوانوں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے اس روحانی محفل کو رونق بخشی۔
یہ بھی پڑھیں : مدرسے میں معصوم طالب علم سے بدفعلی، کالعدم سپاہ صحابہ کا قاری گرفتار
کیمپ کے دوران اتحاد و اخوت کے دیدنی مناظر دیکھنے کو ملے جہاں شیعہ علماء نے پھولوں کے ہار پہنا کر اپنے اہل سنت برادران کا والہانہ استقبال کیا۔ برادرانِ اہل سنت نے بھی وسعتِ قلبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میٹھے دودھ کی سبیل سے استفادہ کیا، شیعہ اسٹیج سے تقاریر و نعت خوانی کی اور ایس یو سی کے شاندار انتظامات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
استقبالیہ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں مسلکی تعصب، فرقہ وارانہ کشیدگی اور شدت پسندی کا واحد اور حتمی علاج صرف وحدتِ امت میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس دن ہم حقیقی احساسِ وحدت کو اپنا لیں گے، اسی دن ملک میں مذہبی اور مسلکی امن و امان کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا۔







