راولپنڈی میں 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کا شاندار استقبالیہ کیمپ
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع راولپنڈی کے زیرِ اہتمام 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے موقع پر ایک شاندار استقبالیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت موقع پر مختلف نعت خواں کمیٹیوں اور انجمنوں کے اراکین نے کیمپ میں خصوصی شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب (ص) میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
استقبالیہ کیمپ میں مختلف مذہبی و سماجی شخصیات سمیت عاشقانِ رسول (ص) کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس پروقار اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید اکبر کاظمی نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں باہمی اخوت، بھائی چارے اور اتحادِ امت کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تہران میں 40ویں بین الاقوامی کانفرنسِ وحدتِ اسلامی کا آغاز، 40 ممالک کے نمائندوں کی شرکت
انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ حضور اکرم (ص) کی سیرتِ طیبہ اور پاکیزہ تعلیمات پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن، محبت اور اتحاد کا ابدی سرچشمہ ہیں۔ اس بابرکت محفل میں ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کے صدر علامہ اعوان علی شاہ، علامہ سید سجاد حسین، علامہ غلام محمد عابدی اور ارشاد حسین بنگش سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین کی ضلعی قیادت نے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عشقِ رسول (ص)، اتحادِ امت اور وحدتِ اسلامی کے عظیم پیغام کو عام کرنے اور اس کے فروغ کے لیے اپنی پرامن جدوجہد پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔







