سکردو: بزم علم و فن کے زیرِ اہتمام شاندار سیرت کانفرنس، ہفتہ وحدت کا عملی مظاہرہ
بزم علم و فن
شیعیت نیوز : بزم علم و فن سکردو اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے عید میلاد النبی (ص) کی مناسبت سے ایوانِ اقبال میں ایک عظیم الشان سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں، شعراء، عمائدین اور مسیحی برادری کے نمائندوں نے شرکت کر کے اتحاد و اخوت کا شاندار عملی مظاہرہ کیا۔
تقریب کی صدارت ممتاز عالم دین حجت الاسلام شیخ نثار عاملی اور معروف اہل سنت خطیب مفتی خالد احمد نے مشترکہ طور پر کی، جبکہ رکن جی بی اسمبلی ڈاکٹر محمد شریف استوری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر نعت خوانوں اور شعراء نے اردو اور بلتی زبان میں بارگاہِ رسالت (ص) میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
یہ بھی پڑھیں : سکردو: جامعہ خدیجۃ الکبریٰ میں جشنِ میلاد اور طالبات میں تقسیمِ اسناد کی پروقار تقریب
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شریف استوری، شیخ نثار عاملی اور مفتی خالد احمد نے واضح کیا کہ نبی کریم (ص) کی ذاتِ اقدس پوری کائنات کے لیے باعثِ رحمت ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے تمام بحرانوں کا واحد حل سیرتِ محمدی (ص) کو اپنی عملی زندگیوں میں نافذ کرنے میں ہے۔
تقریب میں شیخ احمد ترابی، شیخ ذوالفقار انصاری اور مسیحی رہنما سجاد مسیح سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے امام خمینی (رہ) کے اعلان کردہ ‘ہفتہ وحدت’ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کی وحدت ہی وہ مضبوط ہتھیار ہے جو مشترکہ دشمن کو ہر میدان میں شکست دے سکتا ہے۔







