سکردو: جامعہ خدیجۃ الکبریٰ میں جشنِ میلاد اور طالبات میں تقسیمِ اسناد کی پروقار تقریب
سکردو
شیعیت نیوز : جامعہ خدیجۃ الکبریٰ گمبہ سکردو میں جشنِ عید میلاد النبی (ص)، چار سالہ اسلامی کورس کی تکمیل اور میٹرک میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب کی صدارت مدرسے کے مدیرِ اعلیٰ آغا سید احمد شاہ الحسینی نے کی، جبکہ رکن اسمبلی کاظم میثم اور ڈپٹی کمشنر حمزہ مراد بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی اور دیگر مقررین نے دینی اور دنیاوی علوم کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ رکن گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے مدرسے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ڈپٹی کمشنر حمزہ مراد نے طالبات کو مستقل مزاجی اور محنت سے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی تلقین کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ کوئی سفارتی معاہدہ ممکن نہیں، غاصب صیہونی وزیر اعظم
اس موقع پر طالبات نے نعت، منقبت، اور تقاریر پیش کر کے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے اور مدرسے میں نئی آئی ٹی لیب کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔ تقریب میں ادارے کی سابقہ طالبہ اور نائب تحصیلدار سیدہ لوبا سمیت علمائے کرام اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آخر میں مدیر اعلیٰ آغا سید احمد شاہ الحسینی نے تمام مہمانوں اور معاونین، بالخصوص ڈاکٹر منور حسن اور القائم فاؤنڈیشن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ طالبات کو انتہائی کم فیس میں رہائش اور تعلیم فراہم کر رہا ہے، جبکہ 16 یتیم اور مستحق طالبات کے لیے قیام و طعام اور تعلیم کی یہ تمام سہولیات مکمل طور پر مفت ہیں۔







