علاقائی امن و استحکام کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مضبوط سفارت کاری جاری ہے، عباس عراقچی
سید عباس عراقچی
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس عظیم ہدف کے حصول کے لیے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل اور مضبوط سفارت کاری کا سلسلہ کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستانی اور عمانی مہمانوں کے ساتھ ہونے والی حالیہ ملاقاتوں میں علاقائی مسائل کے حل پر خصوصی زور دیا گیا۔ ان کا دو ٹوک الفاظ میں کہنا تھا کہ خطے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قلندیا میں انروا مرکز پر اسرائیلی فورسز کے دھاوے کی اقوام متحدہ کی جانب سے شدید مذمت
سید عباس عراقچی نے ایران کے علاقائی نقطہ نظر کی واضح مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک نئی تجارتی راہداری کا قیام اور مشترکہ طور پر بارودی سرنگوں کی صفائی جیسے اہم منصوبے خطے کی ترقی اور سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے مستقبل میں آبنائے ہرمز کے مشترکہ انتظام کے حوالے سے پیش کردہ فریم ورک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک باہمی مفاہمت کے ذریعے ایسے شاندار انتظامات تشکیل دے سکتے ہیں جو خطے میں امن و استحکام اور محفوظ بحری آمدورفت کو ہر صورت یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔







