قلندیا میں انروا مرکز پر اسرائیلی فورسز کے دھاوے کی اقوام متحدہ کی جانب سے شدید مذمت
اقوام متحدہ
شیعیت نیوز : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے قلندیا میں فلسطینی پناہ گزینوں کے امدادی ادارے (انروا) کے مرکز پر اسرائیلی فورسز کی غاصبانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انروا کی تنصیبات اور امدادی مراکز کے خلاف اسرائیلی اقدامات کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں۔
ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں غاصب صیہونی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ایسے تمام غیر قانونی اقدامات اور قوانین کو ختم کرے جو فلسطینی پناہ گزینوں کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاک ایران گیس پائپ لائن نہ بننا ملکی معیشت کا نقصان ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
اس سے قبل موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق، غاصب اسرائیلی فوجیوں نے بھاری ہتھیاروں اور سازوسامان کے ساتھ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع قلندیا پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا۔ قابض فورسز کے ایک افسر نے اہلکاروں کے ہمراہ قلندیا انسٹی ٹیوٹ کا محاصرہ کر کے نجی سکیورٹی اہلکاروں سے زبردستی دروازے کھلوائے اور ادارے کے اندر داخل ہو گئے۔
اس غاصبانہ کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے کفر عقب کے علاقے میں فلسطینی باشندوں کو ان کے گھروں کے انہدام کے نوٹس بھی تقسیم کیے۔ صیہونی بربریت اور ہٹ دھرمی کا عالم یہ تھا کہ قلندیا کیمپ میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ایک ایمبولینس کو بھی کافی دیر تک روکے رکھا گیا، جس سے امدادی کاموں میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔







