تم ایرانیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکو گے، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا امریکی وزیر خارجہ کو دوٹوک جواب

10 اکتوبر, 2026 18:17

شیعیت نیوز : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمہیں ایرانیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے۔ جمعے کی رات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں قالیباف نے لکھا کہ پوری تاریخ میں ہم ایرانیوں نے ان طاقتوں کا سامنا کیا ہے جنہوں نے خود کو کائنات کا مالک قرار دیا اور قدیم تہذیبوں کو مٹانا چاہا، وہ آگ اور شعلوں کے ساتھ آئے لیکن خاک اور رسوائی کے ساتھ رخصت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : مشرق وسطیٰ میں امریکی پسپائی، پاکستان کسی جنگ کا فریق نہ بنے، علامہ سید جواد نقوی

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی حکام کو تاریخ کی شکست خوردہ سلطنتوں کا انجام دہرانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سکندر کی میراث کے پیچھے بھاگ رہے ہیں ان کا انجام رومی شہنشاہ والیرین جیسا ہوگا، اور تم گھٹنے ٹیکو گے۔ انہوں نے سامراجی امریکہ کو ایران کی قدیم تہذیب کو کمتر سمجھنے کی غلطی سے بھی خبردار کیا۔

واضح رہے کہ قالیباف کا یہ ردعمل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کی جانب سے بھی روبیو پر کڑی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔ بقائی نے یونان کے دورے کے دوران مغربی تہذیب سے متعلق روبیو کی تشریح کو ایک منتخب اور یکطرفہ تاریخی بیانیہ قرار دیا تھا، جس میں قدیم یونان کو موجودہ امریکہ سے جوڑ کر طاقت کے استعمال کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا تھا کہ روبیو کی تشریح میں طاقت اور قومی ارادے پر تو زور دیا گیا، لیکن سامراجی عزائم، تکبر اور جارحیت پر یونانی روایت کی تنقید کو نظر انداز کر دیا گیا۔

7:22 شام اکتوبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔