دشمن ایران کو تقسیم کرنے میں ناکام رہا، کڑے حالات میں بھی ملک مزید مضبوط ہوا، سید حسن خمینی

25 اگست, 2026 17:33

شیعیت نیوز : حجت‌الاسلام والمسلمین سید حسن خمینی نے کہا ہے کہ عالمی استکبار اور دشمن ایران کو تقسیم کرنے اور اسلامی جمہوریہ کے نظام کو ختم کرنے کی اپنی تمام تر سازشوں میں مکمل ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات اور رہبر معظم کی شہادت کے باوجود ایرانی قوم کے باہمی اتحاد نے ملک کو پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور مضبوط بنایا ہے۔

تہران میں صدر اور کابینہ کے ارکان کی جانب سے امام خمینیؒ کے افکار سے تجدیدِ عہد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بعض افراد کی "مقدس جہالت” اور مفادات کی خاطر حق جان کر خاموش رہنے والوں پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے شدید دباؤ کے باوجود ملکی نظام کو بہترین انداز میں چلانے اور خانہ جنگی کی سازشیں ناکام بنانے پر فوج، سپاہ، بسیج اور حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : 12 ربیع الاول: سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے، علامہ ساجد نقوی

سید حسن خمینی نے واضح کیا کہ جنگ ہو یا صلح، ہر میدان میں کامیابی کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ محاذ پر لڑنے والا سپاہی ہو یا سفارت کاری کے میدان میں سرگرم عمل شخص، دونوں ہی ملک کے محافظ ہیں، لہٰذا جب ریاستی سطح پر بڑے فیصلے ہو جائیں تو پوری قوم کو ان کی پشت پر کھڑا ہونا چاہیے۔

اپنے خطاب کے آخر میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آج دشمن اقتصادی محاذ پر ایران کو اندر سے کمزور کرنا چاہتا ہے اور عوام بجا طور پر حکومت سے ان مسائل کے فوری حل کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے بانیِ انقلاب امام خمینیؒ کو اسلامی جمہوریہ کی روح قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام کے افکار کو کمزور کرنا دراصل اس نظام کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف ہے۔

6:38 شام اگست 25, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔