اندھی دہشت گردی پولیس فورس کا عزم متزلزل نہیں کر سکتی، زاہدان حملے پر ایرانی صدر کا ردعمل

10 اکتوبر, 2026 18:18

شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں پولیس کی ایک اعلیٰ افسر کی دہشت گردانہ حملے میں شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیاں پولیس فورسز کی خدمات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ ہفتے کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں صدر پزشکیان نے صوبائی پولیس کمانڈ کی ڈپٹی برائے ثقافتی و سماجی امور نصرت افتخاری کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا، جنہیں زاہدان کے علاقے چشمہ زیارت میں نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : مسلط کردہ جنگوں میں پولیس کا دفاعی کردار نمایاں رہا، رہبر انقلاب اسلامی کا ہفتہ پولیس پر اہم پیغام

ایرانی صدر نے کہا کہ بدامنی پیدا کرنے، تشدد پھیلانے اور عوامی امن کو درہم برہم کرنے کے لیے کی جانے والی اندھی دہشت گردانہ کارروائیاں بے گناہ لوگوں کا خون بہانے اور ان کے ذمہ داروں کی مجرمانہ فطرت کو بے نقاب کرنے کے سوا کچھ حاصل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے نصرت افتخاری کے قتل کو ایسے غیر انسانی جرائم کی ایک تلخ مثال قرار دیتے ہوئے شہیدہ کے اہل خانہ، پولیس کمانڈرز و اہلکاروں، ساتھیوں اور سیستان و بلوچستان کے عوام سے تعزیت کی۔

صدر پزشکیان نے زور دیا کہ یہ حملہ سیکیورٹی فورسز کو شہریوں کی جان اور فلاح و بہبود کے تحفظ سے باز نہیں رکھ سکتا، اور عوامی سلامتی کے تحفظ اور دہشت گردی کے مقابلے کی کوششیں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس جرم کے تمام پہلوؤں کی فوری اور سنجیدہ تحقیقات کر کے اس کے مرتکب عناصر اور ان کو حکم دینے والوں کی جلد از جلد نشاندہی کریں۔

واضح رہے کہ نصرت افتخاری جمعے کے روز چشمہ زیارت گاؤں کی سڑک پر اپنی گاڑی کو بم سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں شہید ہو گئی تھیں، جبکہ اس حملے میں پولیس کے متعدد دیگر اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ایرانی صدر نے اپنے بیان کے آخر میں شہیدہ اور پولیس کے دیگر شہداء کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کے سوگوار خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کی۔

7:22 شام اکتوبر 10, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔