12 ربیع الاول: سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے نمونہ عمل ہے، علامہ ساجد نقوی
علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے 12 ربیع الاول اور عید میلاد النبی (ص) کے پرمسرت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پیغمبرِ اکرم (ص) کی سیرتِ طیبہ امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے بہترین اور کامل نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جشنِ میلاد بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ اسلام کی عملی تعبیر کے لیے سیرتِ رسول (ص) سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیاتِ طیبہ کا ہم سے یہ تقاضا ہے کہ تعلیماتِ نبوی (ص) کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیا جائے اور موجودہ نظام کی خامیاں دور کر کے ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : قالیباف کا دہشت گرد ٹرمپ کے انتخابی نعرے کا تمسخر: ‘ہم امریکہ کو دوبارہ بھوکا کر دیں گے’
علامہ ساجد نقوی نے واضح کیا کہ جب ہمارا خدا، رسول (ص)، قرآن اور کعبہ ایک ہے، تو فروعی اختلافات کو شائستہ اور علمی انداز میں ڈیل کیا جانا چاہیے، جبکہ تمام مسالک کے مقدسات کی توہین سے ہر صورت مکمل اجتناب کرنا چاہیے۔
انہوں نے عوام اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ مسلکی ہم آہنگی کو مضبوط بنا کر وحدت کا عملی مظاہرہ کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں فرقہ پرست عناصر پر یہ واضح کرنا ہوگا کہ وہ کسی صورت امت کے اتحاد کو نقصان نہیں پہنچا سکتے اور ہم ہر سطح پر رواداری اور باہمی اخوت کو فروغ دیتے رہیں گے۔







