ایرانی صدر سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیر داخلہ کی تعمیری ملاقات، اہم پیش رفت
محسن نقوی
شیعیت نیوز : وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر سے ایک انتہائی اہم اور نتیجہ خیز ملاقات کی ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ‘ایکس’ (X) پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیرِ داخلہ نے اس سفارتی و عسکری بیٹھک کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال پر تعمیری گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی کے مطابق، اس اعلیٰ سطحی ملاقات کے اہم موضوعات میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ (مغربی ایشیا) کے حالات، مستقبل کے امکانات اور بالخصوص "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت” کی بحالی کے لیے کیے جانے والے مشترکہ اقدامات شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گرد امریکی صدر ٹرمپ کے ایران کے خلاف بے بنیاد دعوے
انہوں نے واضح کیا کہ اس مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عمل درآمد خطے کے تنازعات کے جامع حل کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف اور علاقائی خدشات انتہائی واضح انداز میں پیش کیے۔
باہمی دلچسپی اور زیرِ بحث امور پر ہونے والا یہ تفصیلی تبادلہ خیال نہایت خوشگوار اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جس میں علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے نمایاں اور مثبت پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔







