مشرقِ وسطیٰ میں استکباری اور صیہونی بالادستی کا خاتمہ، ایران خطے کی سب سے بڑی طاقت بن گیا، امریکی میڈیا کا اعتراف
ایران
شیعیت نیوز : عالمی استکبار اور غاصب صیہونی ریاست کے خلاف تاریخی استقامت کے بعد، اسلامی جمہوریہ ایران اب مشرقِ وسطیٰ کی غالب اور ناقابلِ تسخیر طاقت بن کر ابھرا ہے۔ معروف امریکی جریدے ’دی اٹلانٹک‘ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کھلے عام اعتراف کیا ہے کہ خطے میں اب امریکہ یا اسرائیل کی بالادستی نہیں رہی، بلکہ محورِ مقاومت کے اہم ترین ستون، ایران نے طاقت کے تمام پرانے توازن خاک میں ملا دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ماضی میں اس خطے پر امریکہ، ایٹمی صلاحیت کے دعویدار اسرائیل اور ان کے مغربی حلیف عرب ممالک کا غلبہ تھا، مگر آج استقامت کی بدولت یہ صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ کا اختتام جارح فریق کی شرائط پر ہرگز قبول نہیں، ترجمان ایرانی دفترِ خارجہ
امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے جدید ترین ہتھیاروں، براہِ راست محاذ آرائی اور شدید دباؤ کے باوجود، ایران نے نہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کیا بلکہ خطے میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ اس عظیم مزاحمت نے خلیج فارس اور مشرقِ وسطیٰ کے طاقت کے ڈھانچے کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے، جس کے باعث اب علاقائی اور عالمی طاقتیں اپنی پالیسیاں از سرِ نو ترتیب دینے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ نے استکباری قوتوں کے اس خام خیال کو بھی مکمل طور پر باطل قرار دیا کہ معاشی پابندیوں کا شکار ایران کبھی امریکی طاقت کے سامنے جھکے گا، بلکہ آج ایران دشمن کی تمام تر سازشوں کے باوجود ایک ناقابلِ شکست قوت ثابت ہوا ہے۔







