جنگ کا اختتام جارح فریق کی شرائط پر ہرگز قبول نہیں، ترجمان ایرانی دفترِ خارجہ
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ ایران نے کبھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا، تاہم استکباری اور غاصب صیہونی طاقتوں کی جارحیت کی صورت میں جنگ کا اختتام دشمن کی شرائط پر ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ اپنی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے شہید صدر ابراہیم رئیسی، شہید حسین امیر عبداللہیان اور دیگر شہدائے خدمت کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں کی تمام تر استکباری سازشیں غیور ایرانی قوم کے عزم اور مزاحمتی طاقت کو کمزور کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایپسٹین کی شرمناک فائلز میں ڈونلڈ ٹرمپ کا نام سرفہرست ہے، ہنٹر بائیڈن کا سنسنی خیز انکشاف
بعض یورپی ممالک بالخصوص بلغاریہ سے ایندھن بردار طیاروں کی روانگی اور دشمن کی ممکنہ جنگی معاونت کے حوالے سے ترجمان نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ جارحیت کے لیے اپنی سرزمین یا سہولیات فراہم کرنا جنگی جرائم میں براہِ راست شرکت تصور ہوگا۔ انہوں نے صدر مسعود پزشکیان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے خطے کے ممالک کو اطمینان دلایا کہ کسی کو ایران سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، بشرطیکہ وہ محورِ مقاومت کے خلاف امریکی و اسرائیلی جارحیت کا آلہ کار نہ بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالتِ جنگ کے باوجود ایرانی سفارت خانے عالمی سطح پر ملکی دفاعی مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں۔






