حکومت بنی امیہ کے طریقے پر چل رہی، امیروں کو نوازا جا رہا ہے غریبوں کا خون نچوڑ لیا گیا، آیت اللہ ریاض نجفی
آیت اللہ ریاض حسین نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی جامعة المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات نے قرآن مجید میں سب سے زیادہ رحمت کا ذکر کیا ہے اور انسان کو ہر طرح سے آزمایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے مملکت خداداد کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے، پہلے قرض ادا کیا جائے پھر ملک کو ترقی کی راہ پر لایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کابینہ کا اہم اجلاس، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کا فیصلہ
آیت اللہ نجفی نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پڑھا ہوا ہے، بہتر جانتے ہیں کہ اسراف کتنا برا ہے؟ پاکستان کو اللہ نے ہر چیز عطا کی ہے، غیر ضروری اخراجات ختم کروائیں، اشرافیہ کو پالا جا رہا ہے جبکہ غریبوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی اصول "کھاؤ، پیو، لیکن اسراف نہ کرو” پر عمل کریں تو کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بنو امیہ کا طریقہ کار رہا ہے کہ کسی کو 20-25 لاکھ دے دیے اور کسی کو 20-25 ہزار، ہماری حکومت بھی اسی طریقے پر عمل کر رہی ہے، امیروں کو نوازا جا رہا ہے جبکہ غریبوں کا خون نچوڑ لیا گیا ہے۔ آیت اللہ نجفی نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بڑی عزت دی ہے، قیام پاکستان کی تاریخ 14 اگست تو سب کو یاد ہے، لیکن 27 رمضان المبارک کسی کو یاد نہیں، جو کہ افسوسناک ہے۔







