پنجاب بھر میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ سمیت 18 دہشت گرد گرفتار
کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ
شیعیت نیوز : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے رواں ہفتے صوبے کے مختلف اضلاع میں 117 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی، کالعدم سپاہ صحابہ اور دیگر کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 18 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، اسلحہ، ممنوعہ لٹریچر، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم لشکر جھنگوی کے 5 خبیث دہشت گردوں کی 17 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی، متاثرہ کی موت
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق یہ کارروائیاں صوبے میں دہشت گردی کے ممکنہ واقعات کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کی گئیں۔ گرفتار افراد کا تعلق فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، ساہیوال، حافظ آباد، گوجرانوالہ، بھکر، لاہور اور ملتان سے ہے۔ ان کے قبضے سے 3,185 گرام دھماکہ خیز مواد، آٹھ ڈیٹونیٹر، 13.1 فٹ سیفٹی فیوز، 4.5 فٹ پرائما کارڈ اور چار پستول سمیت 21 گولیاں، 13 کتابیں، 23 ممنوع رسالے، 65 پمفلٹس، 84 اسٹیکرز، سات موبائل فونز اور 42 ہزار 740 روپے نقدی برآمد ہوئی۔
سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پنجاب بھر میں مقامی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے 3,357 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں ایک لاکھ 21 ہزار افراد کو چیک کیا گیا، 274 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 263 مقدمات درج ہوئے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی ڈرون یونٹس اور جدید اینٹی ڈرون نظام بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔







