اپوزیشن کا 27 ستمبر کو لانگ مارچ اور احتجاج برقرار رکھنے کا فیصلہ

21 اگست, 2026 19:07

شیعیت نیوز : اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج اور لانگ مارچ کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں راجا ناصر عباس، بیرسٹر گوہر علی خان، شاہد خٹک، اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: 9 ربیع الاول امام زمانہؑ سے تجدیدِ عہد کا دن، علامہ شیخ محمد حسن جعفری

اپوزیشن رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحت اور علاج پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ اعلامیے میں حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر اپوزیشن نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرکے توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔

مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ سپریم کورٹ سے توہین عدالت کے معاملے پر رجوع کیا جائے گا۔ 27 ستمبر کو تحریک انصاف کے بھرپور احتجاج کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا اور احتجاج و لانگ مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کی بھرپور تائید اور اسے فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا۔

8:25 شام اگست 21, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔