9 ربیع الاول امام زمانہؑ سے تجدیدِ عہد کا دن، علامہ شیخ محمد حسن جعفری
علامہ شیخ محمد حسن جعفری
شیعیت نیوز : مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان پاکستان میں نمازِ جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے یومِ شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کی مناسبت سے امام وقت کے حضور تعزیت عرض کی اور کہا کہ 9 ربیع الاول امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی امامت کے آغاز اور تاج پوشی کی مناسبت سے مبارک دن ہے، جسے مؤمنین کو عبادت، ذکر، درود و صلوات اور امامِ وقت سے تجدیدِ عہد کے ساتھ منانا چاہیے۔
انہوں نے امام حسن عسکریؑ کی سیرت کو عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے تقویٰ، صداقت، امانت داری، عبادت اور حسنِ اخلاق کی تاکید فرمائی۔ حقیقی مؤمن وہ ہے جو اپنے قول و عمل میں سچا، امانت دار اور اللہ سے ڈرنے والا ہو۔ انہوں نے بدترین انسان کو دو چہرے اور دو زبانوں والا قرار دیا جو سامنے تعریف اور پیٹھ پیچھے برائی کرتا ہے۔
خطیب جمعہ نے گناہ کے بعد توبہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اور ذکر، نماز، سجدہ، استغفار اور سچی توبہ شیطان کے وسوسوں سے نجات دلاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کا اجتماع محض سوگ نہیں، ولایت فقیہ سے وابستگی کا ثبوت ہے، آیت اللہ سعیدی
مقامی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، بالخصوص طالبات کے اداروں میں کسی بھی قسم کا ناروا سلوک ناقابلِ قبول ہے اور اگر بلتستان یونیورسٹی سے متعلق شکایت درست ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مشکات یونیورسٹی کے قیام کو بچیوں کے لیے محفوظ اور باوقار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کا اہم قدم قرار دیا۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے سکردو سیشن کورٹ کے منشیات اسمگلنگ کیس میں ملزم کو 10 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنانے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ ایسے مؤثر فیصلے نوجوان نسل کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور منشیات کے خاتمے کے لیے عدلیہ، انتظامیہ اور معاشرے کے مشترکہ کردار کی ضرورت ہے۔







