امام رضاؑ ورکنگ گروپ کا اجلاس، غیر ملکی زائرین کے لیے 9 منصوبوں کی منظوری
مشہد مقدس
شیعیت نیوز : مشہد مقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی زیر صدارت امام رضاؑ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر ملکی زائرین کے لیے مشہد کے سفر کو آسان بنانے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اقتصادی امور، وزیر سڑک و شہری ترقی، وزیر ثقافتی ورثہ، دستکاری و سیاحت، وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی، مرکزی بینک کے گورنر، آستان قدس رضوی کے متولی اور خراسان رضوی کے گورنر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں صہیونی ٹینک بم دھماکے سے تباہ، گفعاتی بریگیڈ کو نقصان
اجلاس کے دوران غیر ملکی زائرین کے مشہد سفر کو سہل بنانے کے لیے 9 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ وزیر خارجہ عراقچی نے بتایا کہ یہ ورکنگ گروپ شہید ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کے دور وزارت خارجہ میں قائم کیا گیا تھا، جس کا مقصد آستان قدس رضوی سے متعلق بین الاقوامی امور کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار کا مقصد مختلف سرکاری اداروں اور آستان قدس رضوی کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور امام رضا علیہ السلام کی زیارت کے لیے ایران آنے والے غیر ملکی زائرین سے متعلق امور کو زیادہ مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ہے۔







