امام جمعہ سکردو کا صفر المظفر کے آخری ایام میں تعزیتی پیغام، سیرتِ رسولؐ پر عمل کرنے کی تلقین
شیعیت نیوز : امام جمعہ سکردو بلتستان پاکستان علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے صفر المظفر کے آخری ایام میں رسولِ خدا کی رحلت اور امام حسن مجتبیٰ و امام رضا علیہم السّلام کی شہادت کی مناسبت سے تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرمؐ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے رحمت، عدل، اخلاق اور وحدت کا کامل نمونہ ہے، جبکہ امام حسن مجتبیٰؑ نے صبر، حلم، حکمت اور امت کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے دینِ اسلام کی سربلندی اور حفاظت کے لیے بے مثال کردار ادا فرمایا۔
یہ بھی پڑھیں: آیت اللہ جوادی آملی: رسولؐ کی رحلت امت کے لیے عظیم ترین مصیبت، کوئی دوسرا غم اس کے برابر نہیں
انہوں نے کہا کہ رسولِ رحمتؐ اور نواسۂ رسول امام حسن مجتبیٰؑ کی شہادت کے موقع پر امامِ زمانہؑ، مراجعِ عظام، علمائے کرام اور تمام امتِ مسلمہ بالخصوص محبانِ اہلِ بیتؑ کو دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان مقدس ہستیوں کی سیرت کو محض عقیدت تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے کردار، معاملات اور معاشرتی زندگی میں ان کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنائیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرتِ رسولؐ اور تعلیماتِ اہلِ بیتؑ پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔







