اربعین حسینی محض اجتماع نہیں بلکہ امام حسینؑ کی حقانیت کا زندہ معجزہ ہے، حجۃ الاسلام تقی آغا

03 اگست, 2026 12:05

شیعیت نیوز : مجلس علمائے جنوبی ہند کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید تقی رضا عابدی نے اربعینِ حسینی کے موقع پر نجفِ اشرف سے کربلائے معلیٰ کی جانب پیدل سفر کے دوران کہا کہ اربعینِ حسینی محض ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی حقانیت، اسلام کی حیاتِ نو اور مکتبِ اہلِ بیتؑ کی عالمگیر تاثیر کا زندہ معجزہ ہے جس کا مشاہدہ آج پوری دنیا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چودہ سو برس سے ہر سال اربعین منایا جا رہا ہے لیکن اس کی تازگی اور اثرانگیزی ایسی ہے کہ محسوس ہوتا ہے جیسے واقعۂ کربلا ابھی اسی سال پیش آیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں حکومتیں عظیم شخصیات کو سرکاری اعزاز پیش کرتی ہیں لیکن امام حسینؑ کی شہادت پر خود اللہ تعالیٰ نے چالیس دن تک اس سانحے کی عظمت کو نمایاں فرمایا اور روایات کے مطابق عاشورا کے بعد چالیس دن تک آسمان نے گریہ کیا۔

مولانا تقی آغا نے کہا کہ اربعین صرف اہلِ زمین ہی نہیں بلکہ اہلِ آسمان بھی اس عظیم مصیبت پر سوگ مناتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر سال غمِ حسینؑ پہلے سے زیادہ تازہ محسوس ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ افتخار نقوی کی جماعت اسلامی قیادت سے ملاقات، امیر العظیم کو خراجِ تحسین، قومی یکجہتی پر زور

انہوں نے کہا کہ اگر اربعین کی یہ عظیم تحریک نہ ہوتی تو عراق کی دینی شناخت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ صدام حکومت کے خاتمے کے بعد بیرونی طاقتوں نے عراق میں اپنے اثرات پھیلانے کی کوشش کی لیکن اربعین کی روز افزوں تحریک نے تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا اور عراق کو مکتبِ اہلِ بیتؑ کا مضبوط مرکز بنائے رکھا۔

مولانا تقی آغا نے اختتام پر کہا کہ اربعینِ حسینی عالمِ اسلام کے اتحاد، بیداری اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی سب سے بڑی علامت بن چکا ہے اور یہی تحریک آئندہ بھی امام حسینؑ کے پیغام کو دنیا بھر میں زندہ رکھے گی۔

1:43 شام اگست 3, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔