علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا اعلان، عزاداری پر پابندیاں آئین کی خلاف ورزی ہے، چہلم کے جلوس ہر صورت نکلیں گے

28 جولائی, 2026 23:08

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ احمد اقبال رضوی اور سید ناصر عباس شیرازی سمیت دیگر علماء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداریِ امام حسین علیہ السلام ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے اور کوئی بھی طاقت اسے روک نہیں سکتی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی عزاداروں پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں جبکہ دیگر تقریبات بغیر رکاوٹ جاری رہتی ہیں، عزاداروں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی جاتی ہیں اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے جس کی ایم ڈبلیو ایم بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کے بعض پہلوؤں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادیِ اظہارِ رائے پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔

چہلم کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ عزادار حسبِ روایت پیدل چل کر جلوسوں میں شرکت کریں گے اور کسی دباؤ یا خوف کا شکار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے وفاقی و پنجاب کے وزرائے قانون سے مطالبہ کیا کہ غیر ضروری پابندیوں اور ہراسانی کا فوری خاتمہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایران ایک جان دو قالب ہیں، حافظ نعیم الرحمان

ایران پاکستان سرحد کی دو سال سے زائد عرصے سے بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزاروں زائرین زیارات سے محروم ہیں اور حکومت اس مسئلے کا فوری حل نکالے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر یمن اور سعودی عرب کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی درخواست کریں گے اور کہا کہ ٹرمپ قابلِ اعتماد نہیں، ان کا غرور خاک میں مل چکا ہے اور گریٹر اسرائیل کا منصوبہ بھی ناکام ہو چکا ہے۔

1:31 صبح جولائی 29, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔