پاکستان اور ایران ایک جان دو قالب ہیں، حافظ نعیم الرحمان
شیعیت نیوز : امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے اسلام آباد میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور امیر العظیم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک جان دو قالب کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں ہم ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ایران، غزہ اور لبنان میں فوری اور مکمل جنگ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان، ایران، سعودی عرب اور ترکیہ کا باہمی تعاون خطے کے امن کے لیے ناگزیر ہے جبکہ افغان سفیر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا تعاون خطے میں پائیدار امن کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ شبیر میثمی کا دوٹوک اعلان، پنجاب میں عزاداری پر پابندیاں قبول نہیں، نظربند عزاداروں کو فوری رہا کیا جائے
دونوں ملاقاتوں میں امتِ مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا اور مسلسل رابطوں اور باہمی اعتماد سے تمام اختلافات ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
یہ ملاقاتیں ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان، ایران اور افغانستان کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور خطے کے امن کے لیے اسلامی ممالک کا اتحاد ناگزیر ہوتا جا رہا ہے۔







