عنوان: علامہ اشفاق وحیدی کا دوٹوک اعلان، عزاداروں کو تنگ کرنا قابلِ قبول نہیں، ذمہ دار افسران کو فوری ہٹایا جائے

28 جولائی, 2026 22:52

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ اشفاق وحیدی نے صدر راولپنڈی کے مرکزی جلوسِ عزا میں شرکت کے موقع پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تنگ کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور مجالسِ عزا اور روایتی جلوسوں کو روکنا قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

علامہ اشفاق وحیدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے انتظامی افسران جو چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی مجالسِ عزا اور روایتی جلوسوں میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں یا بانیانِ مجالس اور ماتمی سالاروں کو ہراساں کر رہے ہیں انہیں فوری طور پر ان ذمہ داریوں سے ہٹایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت اور شدت پسندی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے کیونکہ ایسے عناصر ہی معاشرے کے امن و امان کے لیے حقیقی خطرہ ہیں جبکہ ملتِ تشیع پر بے بنیاد مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں جنہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: علامہ ساجد نقوی کی زیرِ صدارت جے ایس او پاکستان کی مجلسِ نظارت کا اہم اجلاس، نوجوانوں کی تربیت پر زور

علامہ اشفاق وحیدی نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے انسپکٹر جنرلز پولیس اور اعلیٰ انتظامی حکام سے صورتِ حال کی رپورٹ طلب کریں اور واضح ہدایات جاری کریں کہ چار دیواری کے اندر منعقد ہونے والی مجالسِ عزا، روایتی جلوسوں اور بانیانِ مجالس کو بلاجواز تنگ نہ کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات پرامن ماحول میں منعقد ہوں اور اس مقصد کے لیے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

11:56 شام جولائی 28, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔