آیت اللہ یاسین موسوی: اربعین الٰہی تحریک ہے، ظلم و استعمار کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے

26 جولائی, 2026 20:40

شیعیت نیوز : بغداد کے امام جمعہ آیت اللہ سید یاسین موسوی نے کہا ہے کہ اربعین کا اجتماع صرف ایک مذہبی عبادت نہیں بلکہ ایک الٰہی تحریک ہے، جس کے دینی، سیاسی، سماجی اور تہذیبی پہلو دنیا کے سامنے اسلام کے پیغام، امام حسینؑ کی نہضت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کو نمایاں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روایات اہل بیتؑ میں زیارت اربعین اور امام حسینؑ کے روضۂ مبارک تک پیدل جانے کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے، یہاں تک کہ زیارت اربعین کو مومن کی نشانیوں میں شمار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اربعین کی تاریخ صرف جابر بن عبداللہ انصاری اور اہل بیتؑ کے قافلے کی کربلا واپسی تک محدود نہیں بلکہ یہ ایثار، قربانی اور حق کی خاطر جدوجہد کا دائمی پیغام ہے۔

آیت اللہ یاسین موسوی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کربلا کا روضہ ہمیشہ ظالم حکومتوں کے خلاف بیداری اور انقلابی تحریکوں کا مرکز رہا ہے۔ انہوں نے 1977ء میں بعثی حکومت کی جانب سے زیارت اربعین پر پابندی اور زائرین کے قتل و گرفتاریاں یاد دلاتے ہوئے کہا کہ صدام حکومت عوام کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی۔

یہ بھی پڑھیں : الجولانی: لبنان میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں، اسرائیل سے تصادم سے گریز

انہوں نے مزید کہا کہ 2003ء کے بعد بھی اربعین نے عراق کی سیاسی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے بقول، لاکھوں زائرین کی موجودگی اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی رہنمائی نے امریکہ کو عراق کے آئین کے معاملے میں اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا، جس سے ثابت ہوا کہ عوامی طاقت کے سامنے بیرونی قوتیں بے بس ہو جاتی ہیں۔

امام جمعہ بغداد نے کہا کہ دنیا اربعین کو امام حسینؑ سے وفاداری، ظلم و استعمار کی مخالفت اور امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت کے طور پر دیکھتی ہے۔ انہوں نے شلمچہ میں زائرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ شعائر حسینی کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی، لیکن ایسی کارروائیاں اربعین کے عالمی پیغام کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے بعض عراقی حکام کے اس دعوے کو بھی مسترد کیا کہ داعش کے خلاف جنگ میں امریکہ نے عراق کی مدد کی تھی۔ ان کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ عراق کی مدد اسلامی جمہوریہ ایران کے مشیروں اور شہداء نے کی، جبکہ امریکہ کی پالیسیاں داعش کے حق میں تھیں۔

آیت اللہ موسوی نے آخر میں زور دے کر کہا کہ جس طرح صدام حسین شعائر حسینی کو ختم کرنے میں ناکام رہا، اسی طرح امریکہ بھی اربعین مارچ کو محدود کرنے یا اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ عراق، ایران، لبنان، یمن اور خطے کے دیگر ممالک کے عوام ایک مشترکہ دشمن کے مقابلے میں متحد ہیں اور مستقبل حق و مقاومت کی کامیابی کا ہے۔

9:56 شام جولائی 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔