امام زین العابدینؑ کی شہادت صبر و استقامت کی لازوال داستان ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
شیعیت نیوز : امام زین العابدین حضرت علی بن الحسین علیہ السلام کی شہادت، صبر، عبادت، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کی لازوال داستان کی یاد تازہ کرتی ہے۔ کربلا کے المناک سانحے کے بعد آپؑ نے اسیری کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر نہ ظلم کے سامنے سر جھکایا اور نہ ہی دینِ محمدیؐ کے پیغام کو ماند پڑنے دیا۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ سید ساجد علی نقوی: امام زین العابدین (ع) کی سیرت صبر و استقامت کا عملی نمونہ
امام سجاد علیہ السلام نے اپنی دعاؤں، عبادت، اخلاق، علم اور کردار کے ذریعے امت کی ایسی تربیت فرمائی جو آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ صحیفۂ سجادیہ اور رسالۂ حقوق انسانی حقوق، عدل، تقویٰ اور بندگیِ الٰہی کا عظیم سرمایہ ہیں۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امام زین العابدین علیہ السلام کی سیرت سے صبر، تقویٰ، خدمتِ خلق، ظلم کے خلاف استقامت اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق کا درس حاصل کریں، کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو دنیا و آخرت کی کامیابی عطا کرتا ہے۔
شہادتِ امام زین العابدین علیہ السلام کے موقع پر تمام عالمِ اسلام، بالخصوص محبانِ اہلِ بیتؑ کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی سیرت پر عمل کرنے، ان کے پیغام کو عام کرنے اور حق و عدالت کے راستے پر ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ الہی آمین۔







