حجۃ الاسلام محمد تحسین ساجد: شہید رہبر کی شہادت انقلاب کے دوام کا ذریعہ بنے گی

09 جولائی, 2026 10:12

شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ زینبیہ لاہور کے مدیر اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین محمد تحسین ساجد نے شہید امام سید علی حسینی خامنہ ایؒ کی تشییعِ جنازہ میں شرکت کے بعد کہا کہ رہبرِ معظم کی شہادت ایک عظیم، دردناک اور اندوہناک سانحہ ہے، تاہم ان کا خون انقلابِ اسلامی کے تحفظ اور اس کی بقا کا ذریعہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں رہبرِ معظم کی تشییع اور تدفین کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جس پر وہ پاکستان سے ایران پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ جب شہادت کی خبر موصول ہوئی تو کئی دن تک یقین نہیں آ رہا تھا کہ اتنی عظیم اور باوقار شخصیت کے ساتھ اس نوعیت کا ظلم بھی ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم ایک عظیم شخصیت، امت کی امید اور انقلابِ اسلامی کے محافظ تھے۔ ان کی شہادت کا صدمہ صرف ایران تک محدود نہیں رہا بلکہ پوری دنیا، بالخصوص پاکستان میں محبانِ اہل بیتؑ اور تمام مکاتبِ فکر کے افراد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین محمد تحسین ساجد نے کہا کہ شہید رہبر نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران انقلابِ اسلامی کی ترویج، اس کے فکری تحفظ اور نئی نسل کی تربیت کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ ان کے بقول، رہبرِ معظم نے جس فکر اور شعور کو امت کے اندر بیدار کیا، وہ آنے والی کئی دہائیوں تک زندہ رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : رہبرِ انقلاب کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، مولانا سید کلب رشید رضوی

انہوں نے کہا کہ ایران کو اقتصادی اور دیگر داخلی مشکلات کا سامنا ضرور رہا، لیکن رہبرِ معظم کی شہادت نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ انقلابِ اسلامی کی جڑیں عوام کے دلوں میں بہت گہری ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں عوامی ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ، سنی، بریلوی، اہل حدیث اور دیگر مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس سانحے پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

تشییعِ جنازہ کے مناظر کو بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع پوری دنیا کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ رہبرِ معظم لوگوں کے دلوں پر حکومت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تشییع کا منظر انتہائی روحانی، رقت انگیز اور ناقابلِ فراموش تھا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ شہید رہبر کے افکار، ان کے راستے اور انقلابِ اسلامی کے پیغام کو آگے بڑھایا جائے گا۔

11:40 صبح جولائی 9, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔