رہبرِ انقلاب کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، مولانا سید کلب رشید رضوی
شیعیت نیوز : ہندوستان کے معروف سیاسی و مذہبی رہنما مولانا ڈاکٹر سید کلب رشید رضوی جنہیں مسجد جمکران میں رہبرِ معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کے موقع پر انتہائی قریب سے نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔
اس موقع پر انہوں نے حوزہ نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے رہبرِ انقلاب اسلامی کی شخصیت کو عالمِ اسلام اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید، استقامت اور حق کی علامت قرار دیا۔
مولانا ڈاکٹر سید کلب رشید رضوی نے کہا کہ تاریخ کے اس عظیم جنازے میں شرکت ان کے لیے محض ایک موقع نہیں بلکہ ایک روحانی سعادت اور باعثِ افتخار ہے۔ انہوں نے کہا: “میرے لیے فخر کا سبب صرف یہ نہیں کہ اس تاریخی جنازے میں دنیا بھر سے لوگ امڈ آئے، بلکہ اصل فخر اس عظیم نام پر ہے جسے سید علی خامنہ ای کہا جاتا ہے۔”
یہ بھی پڑھیں : کربلا میں شہید رہبر کی تشییع: لاکھوں عزاداروں کا بے مثال اجتماع
انہوں نے کہا کہ انسان کی عظمت کا معیار ہجوم اور ظاہری جلوہ نہیں بلکہ حق کے لیے اس کی ثابت قدمی ہے۔ ان کے بقول، حالات مختلف بھی ہو سکتے تھے اور جنازے میں اتنا بڑا مجمع بھی نہ ہوتا، لیکن شیعہ قوم کا عقیدہ ہمیشہ یہی رہا ہے کہ وہ ظالم کے مقابلے میں مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔
مولانا رضوی نے واقعۂ کربلا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ قوم اس امام حسینؑ کا ماتم کرتی ہے جنہیں کربلا کی تپتی زمین پر بے گور و کفن چھوڑ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی حسینی فکر کی بنیاد پر شیعیانِ جہاں ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیتے ہیں اور ظالم کے سامنے سر نہیں جھکاتے۔
انہوں نے رہبرِ انقلاب اسلامی کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرتے رہے اور کم عمری ہی سے راہِ خدا میں استقامت کے ساتھ کھڑے رہے۔







