علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا اربعین زائرین کی مشکلات پر عراقی قیادت کو خطوط ارسال
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امورِ خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے اربعینِ امام حسینؑ کے موقع پر پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کو درپیش مشکلات، بالخصوص پچاس سال سے کم عمر افراد کو فیملی کے بغیر ویزا جاری نہ کیے جانے کی پالیسی، پر سنجیدہ توجہ دلانے کے لیے عراق کی اعلیٰ سیاسی، مذہبی اور مزاحمتی قیادت کو تفصیلی خطوط ارسال کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 6 جولائی یوم فقہ جعفریہ عادلانہ نظام اور وحدت امت کا سنگ میل ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
خطوط میں سابق عراقی وزیرِ اعظم محمد شیاع السودانی، سابق وزرائے اعظم نوری المالکی اور عادل عبدالمہدی، تحریک عصائب اہلِ حق کے سیکرٹری جنرل شیخ قیس الخزعلی، تنظیم بدر کے سربراہ الحاج ہادی العامری، تحریک الحکمہ کے سربراہ سید عمار الحکیم، اسلامی سپریم کونسل عراق کے سربراہ ڈاکٹر ہمام حمودی اور کتائب سید الشہداء کے سیکرٹری جنرل حاج ابو آلاء الولائی کی توجہ اس امر کی طرف دلائی گئی ہے کہ پاکستانی زائرین کو درپیش مشکلات کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے وہ اپنا کردار ادا کریں۔
علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے خطوط میں مؤقف اختیار کیا کہ اربعینِ حسینی میں شرکت لاکھوں پاکستانیوں کی دینی و روحانی خواہش ہے، تاہم موجودہ ویزا پالیسی، خصوصاً پچاس سال سے کم عمر زائرین پر عائد پابندی، بڑی تعداد میں عاشقانِ اہل بیتؑ کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے عراقی قیادت سے درخواست کی کہ اس پالیسی پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے پاکستانی زائرین کے لیے سہولت اور آسانی کی راہ ہموار کی جائے تاکہ وہ اطمینان اور عزت کے ساتھ زیارتِ عتباتِ عالیات اور اربعینِ امام حسینؑ میں شرکت کر سکیں۔







