6 جولائی یوم فقہ جعفریہ عادلانہ نظام اور وحدت امت کا سنگ میل ہے، علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ سید ساجد علی نقوی نے 6 جولائی 1980ء کو "یوم فقہ جعفریہ” کی مناسبت سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ دن عادلانہ نظام کے قیام اور آئینی و بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک عوامی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی پاسداری نہیں ہوگی، ملک ترقی اور استحکام کے سفر میں پیچھے رہ جائے گا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں یہ روایت رہی ہے کہ ہر آنے والا نظام اپنے نعرے لے کر آیا مگر مرحوم ضیاء الحق کے دور میں اسلامائزیشن کے نعرے پر تمام مکاتب فکر کو تشویش لاحق ہوئی۔ اسی تشویش کو 6 جولائی 1980ء کے پرامن، قانونی اور مہذب احتجاج نے ایک واضح سمت دی۔ یہ احتجاج 12/13 اپریل 1979ء کو بھکر میں ہونے والے عوامی اجتماع کا تسلسل تھا۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ جوادی آملی کا شہید رہبر کے عمامے کو بوسہ
انہوں نے مزید کہا کہ اس احتجاج کا مقصد عوام میں شعور اجاگر کرنا اور حکمرانوں کو یہ باور کرانا تھا کہ مسلم سکالرز، محققین اور فقہا کی علمی کاوشوں سے استفادہ کرتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق ایک عادلانہ نظام نافذ کیا جائے، جو انتہا پسندی، فرقہ واریت اور تعصب سے بالاتر ہو۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ 6 جولائی صرف عادلانہ نظام کے قیام کا دن نہیں بلکہ یہ وحدت امہ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے عوام اور معاشرے کے سنجیدہ طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس دن کو "تجدید عہد” کے طور پر منائیں اور نئے حوصلے کے ساتھ اپنے حقوق کی جدوجہد تیز کریں تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست بنایا جا سکے۔







