رہبر شہید کی تشییع میں بھرپور شرکت کریں، دشمن کو واضح پیغام دیں، آیت اللہ اعرافی
شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے محرم الحرام کے ایام عزا اور رہبرِ شہید سمیت دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران اور محور مقاومت نے تاریخ کا ایک عظیم باب رقم کیا ہے، جو ایک غیر معمولی تہذیبی اور تاریخی کارنامہ ہے۔
اگرچہ مسلح افواج، مجاہدین اور محور مقاومت کی قربانیاں انتہائی اہم تھیں، لیکن اس عظیم کامیابی کی اصل طاقت ایران کے باشعور اور وفادار عوام تھے، جنہوں نے اپنے اتحاد اور استقامت سے یہ تاریخ رقم کی۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ رہبر شہید کی تشییع و الوداعی تقریب میں شرکت ولایت فقیہ سے تجدید عہد، انقلاب سے وفاداری کے اظہار اور قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : تہران میں عوام کا منڈلاتا سمندر، لبیک یا سید مجتبی کے نعرے
انہوں نے علماء، طلبہ، یونیورسٹی کے اساتذہ، نوجوانوں، مردوں اور خواتین سمیت تمام ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ رہبر شہید کی تشییع جنازہ اور اس کے بعد ہونے والی تقریبات میں بھرپور اور تاریخی انداز میں شرکت کریں تاکہ دشمن کو واضح پیغام ملے اور قومی یکجہتی مزید مستحکم ہو۔
آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کے عوام کی پرجوش شرکت ایک نئی تاریخ رقم کرے گی، مقاومت کی تحریک کو مزید تقویت دے گی اور ایران کے ساتھ لبنان، عراق، یمن اور دیگر اسلامی ممالک میں بھی استقامت اور بیداری کے جذبے کو فروغ دے گی۔







