تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس منعقد، تمام مکاتب فکر کے علماء نے شرکت
شیعیت نیوز : تحریک منہاج القرآن (منہاج القرآن علماء کونسل) کے زیرِ اہتمام جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون لاہور میں ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام، مشائخِ عظام، دینی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اہل بیت اطہارؑ کی عظیم قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ اور نیتن یاہو واجب القتل قرار، مجلس خبرگان رہبری کا سخت بیانیہ
مقررین نے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو امتِ مسلمہ کے لیے حق، صبر، استقامت، حریت اور دینِ اسلام سے وفاداری کا ابدی پیغام قرار دیا۔
ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے حق اور صداقت پر ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغِ عشقِ رسولؐ، تعلیماتِ اہلِ بیتِ اطہارؑ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔ آج کے پُرفتن دور میں معاشرے میں امن، برداشت، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
مرکزی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی نے کہا کہ فکرِ حسینیؑ دراصل پیغامِ قرآن کا عملی اظہار ہے اور اگر معاشرے میں ایثار، حق گوئی، تقویٰ اور استقامت کو فروغ دیا جائے تو ایک حقیقی مصطفوی معاشرہ وجود میں آ سکتا ہے۔







