سوئٹزرلینڈ میں پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران-امریکہ مذاکرات کا آغاز
شیعیت نیوز : اتوار کے روز سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے ایران-امریکہ مذاکرات کے آغاز سے قبل ایرانی اور امریکی وفود نے پاکستانی اور قطری ثالثوں کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان چار فریقی مذاکرات سوئٹزرلینڈ کے برگن اشٹوک ریزورٹ میں شروع ہو گئے ہیں۔
ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی بھی وفد میں شامل ہیں۔ امریکی وفد کی سربراہی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں جبکہ وفد میں جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : محرم الحرام کے لیے Mehfooz Muharram ایپ متعارف، لائیو لوکیشن اور ڈرون نگرانی کا نظام
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ثالثی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی بھی اس سفارتی عمل میں شریک ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق وفد کی توجہ یادداشتِ تفاہم پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانے پر مرکوز رہے گی۔ ایرانی حکام نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ مذاکرات میں پیش رفت کا انحصار ابتدائی معاہدے کے تحت امریکا کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل پر ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ یہ مذاکرات تمام مسائل کا مکمل حل نہیں بلکہ اختلافات کو کم کرنے اور آئندہ پیش رفت کے لیے ماحول سازگار بنانے کا موقع ہیں۔ انہوں نے لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کا بھی دعویٰ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن عالمی امن کے لیے ایک اہم موقع ہے اور یہ مذاکرات علاقائی کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ پائیدار عالمی استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ آج کے مذاکرات ایک روزہ ہونے کی توقع ہے اور ان میں لبنان کی صورتحال اور ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کے معاملات بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔







