عزاداری امام حسینؑ امت مسلمہ کے درمیان وحدت کا مظہر ہے، محرم میں فول پروف سیکورٹی یقینی بنائی جائے، علامہ مبشر حسن
شیعیت نیوز : کراچی: مجلس وحدت مسلمین سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ مبشر حسن نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے درمیان وحدت کا مظہر ہے۔ یہ عزاداری ہی ہے جس نے حسینی اور یزیدی افکار کے درمیان فرق واضح کیا۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے پروگراموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے تاکہ شر پسند عناصر کو کسی شرارت کا موقع نہ مل سکے۔ تمام مرکزی جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب اور اضافی نفری تعینات کر کے کسی بھی شرپسندی کے خدشے کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔ صوبے بھر میں وحدت اسکاؤٹس کے نوجوان مختلف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ جلوسوں کی حفاظت کی ذمہ داری سرانجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے غریب مکاؤ بجٹ پیش کیا جو بجٹ نہیں بلکہ خوف کی علامت ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
علامہ مبشر حسن نے کراچی کے بلدیاتی مسائل پر وفاقی و صوبائی حکومتوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایام عزاء میں مجالس و جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بحالی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ کے الیکٹرک بالکل تعاون نہیں کر رہی، جہاں سبیلوں کے لیے میٹر دیتی تھی وہ دیے جائیں۔
انہوں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی طویل حکمرانی کو کراچی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔ بعض اضلاع میں معتدل علماء و ذاکرین کے داخلے پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تکفیری گروہوں کو خوش کرنے کے لیے ہے۔







